ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت بحال کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا پیر کی صبح سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت بحال کرنے کے لیے اقدامات شروع کرے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مختلف ممالک نے اپنے جہاز نکالنے کے لیے امریکا سے مدد طلب کی ہے، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق، کئی ممالک کے جہاز اس وقت آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں اور وہ اس وقت تک وہاں سے نہیں نکلنا چاہتے جب تک راستہ مکمل طور پر محفوظ نہ ہو جائے۔ اس مقصد کے لیے امریکا ‘پراجیکٹ فریڈم’ کے تحت جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ان ممالک اور کمپنیوں کے لیے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے جو مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع کا حصہ نہیں ہیں۔ امریکی صدر نے اپنے نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کو یقین دہانی کرائیں کہ ان کے جہازوں اور عملے کو محفوظ طریقے سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ایران کے حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے نمائندے ایران کے ساتھ مثبت مذاکرات میں مصروف ہیں اور یہ بات چیت تمام فریقین کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *