اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 3 روپے 88 پیسے کمی کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر لیوی عائد کر دی گئی ہے، جو پہلے صفر تھی۔ ذرائع کے مطابق یکم مئی کی تعطیل کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج ہی کیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان اوگرا نے پیٹرولیم ڈیلرز کی مبینہ ہڑتال سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں اور کسی بھی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔ پیٹرولیم ڈویژن نے بھی واضح کیا ہے کہ پیٹرول پمپس کی بندش کی خبریں غلط ہیں اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی متاثر نہیں ہوئی اور آئندہ بھی اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ ایک وقت میں قیمتیں چار سال کی بلند ترین سطح تک پہنچیں، تاہم اب کچھ کمی آئی ہے۔ برینٹ خام تیل 124 ڈالر سے کم ہو کر 114 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 110 ڈالر سے کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔
