محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم گرم جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش کی پیشنگوئی کردی

اسلام آباد،کراچی،حیدر آباد (آئی این پی )کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے،کراچی میں فی الحال رواں ماہ مئی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37سے 39ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر میں سمندری ہوائیں وقت ساکن ہیں اور نمی کا تناسب 48 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں فی الحال رواں ماہ مئی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ 7 مئی سے سندھ میں ایک اور ہیٹ ویو کی لہر کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج سے درجہ حرارت کم ہونے کا امکان ہے، تاہم 13 مئی کے بعد سے ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ ادھر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز لاہور، شیخوپورہ ، پاکپتن، فیصل آباد ،گجرات اور وہاڑی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش بھی ہوئی، کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ اگر کراچی کے کسی علاقے میں درجہ حرارت 45 ڈگری محسوس ہوا تو وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ کے الیکٹرک کے ہیڈ آف ڈسٹریبیوشن آپریشنز خرم عبداللہ نے کہا کہ ہیٹ ویو کے باعث کے الیکٹرک نے مینٹیننس شٹ ڈانز معطل کردئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 45 ڈگری تک جاتا ہے تو وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

ادھرحیدرآباد میں گدی قبرستان حالی روڈ پر بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث العزیز کالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس پر مشتعل علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حیسکو حالی روڈ سب ڈویژن کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی سڑک پر ٹائر نذر آتش کر دیے جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاج کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی اطلاع بروقت متعلقہ حکام کو دے دی گئی تھی تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔مظاہرین نے شکوہ کیا کہ شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے اور حکام کی عدم توجہی صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹرانسفارمر مرمت کرکے بجلی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *