اسلام آباد: ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کا مطالبہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ معاملہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، جہاں صارفین حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر #Diplomacy4Aafia اور Field Marshal Bring Aafia Back کے ہیش ٹیگز کے ساتھ بڑی تعداد میں پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور پاکستان کے سفارتی کردار کے تناظر میں یہ ایک اہم موقع ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
صارفین کی جانب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو یقینی بنائیں۔ متعدد پوسٹس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اب وعدوں کا وقت گزر چکا ہے اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پیغامات میں قومی وقار اور انسانی ہمدردی کے پہلو کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے ڈاکٹر عافیہ کی طویل قید اور ان کے خاندان کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے فوری پیش رفت کا مطالبہ کیا ہے۔
