پاکستان عالمی توجہ کا مرکز، اسلام آباد میں امریکا-ایران مذاکرات آج سے شروع

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں آج سے اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کا پہلا مرحلہ آج وفود کی سطح پر ہوگا جبکہ مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کے روز متوقع ہے۔ ان مذاکرات کے لیے اعلیٰ سطحی امریکی وفد پاکستان پہنچے گا، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہوں گے۔

ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی سطح کے اس اہم سفارتی ایونٹ کے لیے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور اور سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی نائب صدر اور دیگر اعلیٰ شخصیات پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔

ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات بند کمروں میں ہوں گے اور حساس معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق امریکا کسی بھی معاہدے میں اپنے بہترین مفادات کو مدنظر رکھے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *