کراچی: پاک بحریہ نے جدید کروز میزائل “تیمور” کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیت میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل نے فضا سے سمندر میں اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ اس کامیاب تجربے کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی ثبوت قرار دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل “تیمور” کی کامیاب فائرنگ قومی دفاع میں ایک اہم اضافہ ہے، جس سے مسلح افواج کی مجموعی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ ملکی مفادات اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے اس کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
