دفاعی معاہدہ؛ سعودی عرب میں پاکستانی فضائی دستہ تعینات

Pakistan's Air Force fighter JF-17 fighter jets fly past during the multinational naval exercise AMAN-25 in the Arabian Sea near Pakistan's port city of Karachi on February 10, 2025, as more than 50 countries participating with ships and observers. (Photo by Asif HASSAN / AFP)

سعودی عرب کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دو طرفہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا اہم مظہر قرار دی جا رہی ہے۔

سعودی وزارت دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یہ فوجی دستہ سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر تعینات کیا گیا ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی فریم ورک کا حصہ ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی دستہ پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینا، دفاعی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا اور عملی تیاری کی سطح کو بلند کرنا ہے۔ اس اقدام کو خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریاض میں اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف تصور کیا جائے گا اور مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

یہ معاہدہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان طے پایا تھا، جس کا مقصد دفاعی روابط کو وسعت دینا اور مشترکہ سیکیورٹی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران سے متعلق سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اس دفاعی معاہدے پر عملدرآمد میں تیزی آئی ہے اور دونوں ممالک اس سلسلے میں مسلسل رابطے میں ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *