وزیراعظم کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 385 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت میں مزید 12 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تجویز دی گئی تھی کہ کچھ مالی بوجھ کم کرنے کیلئے قیمتوں میں مکمل کمی نہ کی جائے، تاہم انہوں نے یہ تجویز مسترد کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہنگائی نے عوام کو شدید متاثر کیا اور ایسے میں حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ “یہ میرا اخلاقی اور سیاسی فرض ہے کہ قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے،” انہوں نے کہا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک میں کشیدگی کے بعد اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور فریقین مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر آمادہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جنگ بندی کی کوششوں کا مثبت جواب دیا۔

شہباز شریف کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد میں امن مذاکرات کیلئے جلد پہنچے گی، جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر اہم سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے وزیرِ خارجہ، سفارتی ٹیم اور سیکیورٹی قیادت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کیلئے سبسڈی پیکج جاری رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *