بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں، فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا

پشاور: خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں مسلسل شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق سوات، دیر اور چترال کے بالائی و زیریں علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔

حکام کے مطابق ریسکیو اداروں، خصوصاً ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات کی فوری نشاندہی کی جائے اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو بروقت خبردار کیا جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آبادی کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ ضلعی انتظامیہ کو ریلیف کیمپس میں خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فراہم کرنے اور نشیبی علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ بارشوں کے باعث سڑکوں کی بندش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری بحالی کے اقدامات کیے جائیں اور ہنگامی مشینری پہلے سے حساس علاقوں میں منتقل کی جائے، تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *