جکارتہ: انڈونیشیا کے قریب مولوکا سمندر میں آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد سونامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے باعث خطے بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ شمالی مولوکا سمندر میں ٹرنیٹ کے قریب آیا، جس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جو اسے انتہائی خطرناک بناتی ہے۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے مرکز سے تقریباً 1000 کلومیٹر کے دائرے میں واقع ساحلی علاقوں میں سونامی کی بلند اور خطرناک لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔ ان ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلپائن اور ملیشیا کے ساحلی خطے بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز ٹرنیٹ شہر سے تقریباً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، جہاں دو لاکھ سے زائد افراد آباد ہیں۔ مقامی حکام نے فوری طور پر ساحلی آبادی کو الرٹ رہنے، محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
