ایران سے متعلق اچھی خبر ہے، کل کوئی سرپرائز ہو سکتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے ایران سے متعلق ہمارے پاس اچھی خبر ہے، کل کوئی سرپرائز ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر معاہدہ طے نہ پایا تو امریکا ایران کی بندرگاہوں پر پابندیاں برقرار رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق اچھی خبر ہے، کل کوئی سرپرائز ہو سکتا ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے بتایا کہ کل ایک بااثر اور ذہین شخصیت وائٹ ہاؤس کا دورہ کرے گی، جو اپنے ملک اور عالمی معاملات میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ایک غیرمعمولی نیوز کانفرنس بھی کی جائے گی، اگرچہ یہ ایونٹ براہ راست اسی معاملے سے متعلق نہیں ہوگا، تاہم سوالات اسی موضوع پر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی مؤثر انداز میں جاری ہے، اور ایران کے ساتھ کئی معاملات پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی قیادت اپنے عوام کو مطمئن کرنے کے لیے مختلف بیانات دے رہی ہے، جبکہ وہ خود حقائق بیان کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نمائندے مذاکرات کر رہے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ وہ خود کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدہ ہونے کی صورت میں ایران سے جوہری مواد امریکا منتقل کیا جائے گا، اور اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا مزید سخت اقدامات کے ذریعے یہ مواد حاصل کرے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ممکن ہے وہ جنگ بندی میں توسیع نہ کریں، لیکن ناکہ بندی جاری رہے گی۔

لبنان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکا لبنان کو دوبارہ مستحکم بنانے میں مدد کرے گا، کیونکہ یہ ملک طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ بعض اختلافات کا اعتراف کیا، تاہم انہیں ایک اچھا شراکت دار قرار دیا۔

دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کو کمرشل جہازوں کے لیے کھول دیا ہے، تاہم اس کی شرط جنگ بندی سے منسلک ہے۔ ایران کے مطابق اگر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *