لاہور: سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ 90 برس کے تھے۔
اہلخانہ کے مطابق سردار ذوالفقار کھوسہ کا انتقال لاہور کے ایک نجی اسپتال میں ہوا، جہاں وہ کافی عرصے سے زیر علاج تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سردار ذوالفقار کھوسہ نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 1962 میں کیا جب وہ پہلی مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران وہ گورنر پنجاب، صوبائی وزیر، مشیر اور سینیٹر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔
ان کی سیاست کا بڑا حصہ مسلم لیگ کے ساتھ وابستہ رہا، تاہم 2018 کے عام انتخابات سے قبل انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کی ملکی سیاست میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
