آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا پہیہ جام ہڑتال کا اعلان، پیٹرول بحران کا خدشہ

کراچی (آئی این پی ) آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے آج (ہفتہ) سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کے اعلان کے بعد پیٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

تفصیل کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے ردِعمل میں آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے آج (ہفتہ) سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ۔ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ آفریدی نے تمام ٹینکر مالکان کو ہدایت جاری کی ہے کہ آج سے کسی بھی آئل ٹینکر کو لوڈ نہ کیا جائے۔

عبداللہ آفریدی کا کہنا ہے کہ موجودہ کرایوں میں کام جاری رکھنا اب ممکن نہیں رہا، کیونکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں لیکن کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہو سکی، حکومتی نمائندے علی پرویز سے متعدد بار رابطہ کیا گیا اور خطوط بھی ارسال کیے گئے، مگر مذاکرات کی درخواست پر توجہ نہیں دی گئی۔

صدر ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ “نقصان سے بہتر ہے گاڑیاں کھڑی رکھی جائیں، جب تک کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جاتا، ٹینکرز نہیں چلیں گے۔اس ہڑتال کے باعث خیبر پختونخوا ، پنجاب اور دیگر علاقوں میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور متعلقہ حکام کے رویے کو ظلم اور ناانصافی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *