اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی کے اجلاس ایران کے سابق سپیکر علی لاریجانی اور خلیجی ممالک میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایازصادق کی زیرصدارت ہوا، جس میں سینیٹر شیری رحمان کی بیٹی، رکن قومی اسمبلی اویس حیدر جھکڑ کے والد ملک نیاز احمد جھکڑ، ایران کے سابق سپیکر علی لاریجانی اور خلیجی ممالک میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔دعائے مغفرت رکن قومی اسمبلی حافظ نعمان نے کرائی۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ علی لاریجانی اسرائیلی بربریت کا نشانہ بنے، ان کے ساتھ ذاتی تعلقات بھی نہایت اچھے تھے۔اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں وزارتِ صحت کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے وزارتِ صحت کے پانچ سوالات کے جوابات نہ آنے پر سخت ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صحت جیسے اہم شعبے میں لاپرواہی قابلِ قبول نہیں۔ سپیکر نے وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری سے استفسار کیا کہ سوالات کے جوابات کیوں فراہم نہیں کیے گئے، جس پر انہوں نے موقف اختیار کیا کہ مسئلے کے حل کے لیے مختلف وزارتوں سے رابطے کیے گئے ہیں۔بعد ازاں سپیکر نے وفاقی سیکرٹری صحت کو فوری طور پر طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ان کے چیمبر میں پیش ہوں۔ادھر وزارتِ ریلوے نے قومی اسمبلی میں اعتراف کیا کہ ملک کے کسی بھی ریلوے اسٹیشن پر بینک کارڈ کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کی سہولت موجود نہیں۔یہ انکشاف رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کے سوال کے جواب میں کیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس ،علی لاریجانی ودیگر کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی
