آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

اسلام آباد: حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کر سکتی ہے، کیونکہ یکم مئی کی چھٹی کے باعث یہ اعلان ایک دن پہلے متوقع ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 4 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ترجمان اوگرا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پیٹرولیم ڈیلرز کی مبینہ ہڑتال کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی بھی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔ پیٹرولیم ڈویژن نے بھی اس بات کی تردید کی ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول پمپس بند ہوں گے، اور یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود سپلائی چین متاثر نہیں ہوئی اور آئندہ بھی تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جہاں پہلے قیمتیں چار سال کی بلند ترین سطح تک پہنچیں، تاہم اب کچھ کمی آئی ہے۔ برینٹ خام تیل 124 ڈالر سے کم ہو کر 114 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 110 ڈالر سے کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *