اسلام آباد مذاکرات سے متعلق بھارتی میڈیا پر پراپگنڈ، بھارتی صحافی نے گودی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد: عالمی سطح پر جاری اہم مذاکرات کے حوالے سے ایک بھارتی تجزیہ کار نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہی حکومت اور میڈیا کے رویے پر کھل کر تنقید کی ہے، جسے سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں بھارتی تجزیہ کار انجنا سنکار نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ کے استحکام بلکہ عالمی توانائی کی سیکیورٹی اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے لاکھوں بھارتی شہریوں کے مستقبل کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔ ان کے مطابق اگر یہ بات چیت کامیاب ہو جاتی ہے تو دنیا کو ممکنہ معاشی بحران سے بچایا جا سکتا ہے۔

بھارتی مبصر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی میڈیا اس سنجیدہ سفارتی عمل کو ایک کرکٹ میچ کی طرح پیش کر رہا ہے، جہاں ہر پیش رفت کو صرف پاک-بھارت دشمنی کے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حلقے تو ان مذاکرات کی ناکامی کی امید لگائے بیٹھے ہیں، جو کہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت یہ پیش رفت بھارت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، کیونکہ خطے میں استحکام اور معاشی بہتری سب کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کا انحصار پاکستان کی ناکامی پر نہیں بلکہ اپنی سفارتکاری اور صلاحیتوں پر ہونا چاہیے۔

اس بیان کو پاکستان میں مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بھارت کے اندر سے ایسی آوازوں کا اٹھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سچ کو مکمل طور پر دبایا نہیں جا سکتا۔ صارفین کے مطابق اگر خطے میں امن اور تعاون کو ترجیح دی جائے تو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کو اس کے ثمرات حاصل ہو سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *