اسلام آباد میں ایران-امریکا مذاکرات جاری، دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی پاکستان آمد، ائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال

اسلام آباد: اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان اہم سفارتی مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور فریقین کے درمیان تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں وفود کا پرتپاک استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ فریقین مثبت اور تعمیری انداز میں مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے، جبکہ پاکستان نے تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی وفد

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا۔ وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، دفاعی کونسل کے سیکرٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے دیگر اراکین شامل ہیں۔

باقر قالیباف نے ایک بیان میں کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے خیرسگالی کے ساتھ آیا ہے، تاہم امریکا پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکا ایک حقیقی معاہدہ پیش کرے اور ایران کے حقوق کو تسلیم کرے تو ایران معاہدے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران مذاکرات سے قبل لبنان میں جنگ بندی اور ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی جیسے طے شدہ نکات پر عملدرآمد ضروری ہے۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی زور دیا کہ امریکا کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے، خصوصاً لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے۔

امریکی وفد

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔

امریکی نائب صدر کے طیارے نے میری لینڈ سے روانگی کے بعد طویل راستہ اختیار کیا اور پیرس میں ڈھائی گھنٹے کا اسٹاپ اوور کیا۔ بعد ازاں طیارہ جارجیا، آذربائیجان، ترکمنستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان پہنچا۔

طیارہ صبح 10 بجے چترال کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، جہاں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔ امریکی نائب صدر کا خصوصی طیارہ صبح 10:33 بجے نورخان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔

نورخان ایئر بیس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی نائب صدر کا استقبال کیا۔

پاکستان کا مؤقف

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا، جبکہ خطے میں استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات سے خطے میں امن اور استحکام کی نئی راہیں کھلنے کی امید کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *