حکومت کا بڑا ریلیف پلان، پیٹرول قیمتوں میں کمی متوقع

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے آج (10 اپریل) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کیے جانے کا امکان ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ یہ امکان ایسے وقت میں ظاہر کیا جا رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت کے باعث آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات میں کمی آ رہی ہے۔

پاکستان اوبزرور کے مطابق ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پیٹرولیم قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ آج مکمل کیا جائے گا اور عوام کے لیے قیمتوں میں کمی سے متعلق خوشخبری متوقع ہے، تاہم انہوں نے کمی کی مقدار کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں اور آج ہی یہ سمری وزارت خزانہ کو بھیجی جائے گی، جہاں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

بعد ازاں وزارت خزانہ وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف اس سے قبل بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد۔

موجودہ قیمتیں:
اس وقت پیٹرول 378.41 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 520.35 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) 395.03 روپے فی لیٹر اور سپیریئر مٹی کا تیل (ایس کے او) 467.48 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سندھ اور پنجاب حکومتوں نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے 20 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا تھا، تاکہ عوام کو کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *