پی ٹی آئی حکومت ختم نہ ہوتی تو پیٹرول کی قیمت 200 روپے ہوتی، مزمل اسلم کا دعوی

پشاور(آئی این پی) مشیرِ خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم نہ ہوتی تو پیٹرول کی قیمت 200 روپے ہوتی۔

اپنے ایک بیان میں مزمل اسلم نے موجودہ معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت برقرار رہتی تو آج ملک کی معیشت مستحکم اور عوام خوشحال ہوتے۔

مزمل اسلم موجودہ حکومت سے معاشی موازنہ کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی دور میں ڈالر 230 روپے، پیٹرول 200 روپے اور بجلی 30 روپے فی یونٹ ہوتی جبکہ عوام کو آٹا 125 کے بجائے 80 روپے کلو فراہم کیا جا رہا ہوتا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت نہ ہٹائی جاتی تو ملکی جی ڈی پی 550 ارب ڈالر تک پہنچ جاتی اور شرحِ نمو موجودہ 2.8 فیصد کے مقابلے میں 7 فیصد ہوتی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی برآمدات 6 ارب ڈالر اور سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر 50 ارب ڈالر تک ہونے کا امکان تھا۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے تسلسل سے غربت کی شرح 45 فیصد سے کم ہو کر 30 فیصد رہ جاتی، جس سے کروڑوں افراد خطِ غربت سے باہر نکل آتے۔مشیرِ خزانہ نے زور دیا کہ پی ٹی آئی حکومت میں نہ صرف مزدور کی اجرت 30 فیصد زیادہ ہوتی بلکہ ملک میں نئے ڈیمز، جنگلات کی افزائش اور سرمایہ کاری کے ذریعے پائیدار ترقی کا عمل جاری رہتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *