اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے ساتھ موٹرسائیکل سواروں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے ہدفی ریلیف پیکج متعارف کرا دیا ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ موٹرسائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں کمی لانا اور کم آمدنی والے طبقے کو سہارا دینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرسٹی مسافر گاڑیوں اور مال بردار ٹرانسپورٹ کو بھی ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی تاکہ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں اضافہ کم سے کم رکھا جا سکے۔
دوسری جانب حکومت نے 3 اپریل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ نافذ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 458 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 520 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث یہ مشکل فیصلے ناگزیر تھے، تاہم عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود اور ہدفی سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مستحق طبقے کو ریلیف مل سکے۔
